نیویارک:دنیا میں ایسے بہت سے فنکار ہیں جو موت کے بعد بھی زندہ رہتے ہیں اور کئی گلوکاروں کے میوزک البم ان کی وفات کے بعد بھی ریلیز ہوتے ہیں۔تاہم ایسا بہت ہی کم دیکھا گیا ہے کہ کسی گلوکار کی موت کے 8 سال بعد اس کے گیتوں کا البم ریلیز کیا جائے۔پاپ موسیقی کے بادشاہ کہلائے جانے والے مائیکل جیکسن کو یوں تو دنیا سے رخصت ہوئے 8 سال بیت گئے، مگر وہ آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
اب ایک امریکی آکشن ہاؤس ان کا ایک میوزک البم ریلیز کرنے جا رہا ہے، جس میں مائیکل جیکسن کے 12 ایسے گانے شامل ہوں گے، جو انہوں نے زندگی میں کبھی ریلیز نہیں کیے۔بل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق مائیکل جیکسن کے میوزک البم کو نیویارک کے آکشن ہاؤس میں 19 جولائی کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔’بائبل‘ نامی اس میوزک البم کو ’گوٹا ہیو راک اینڈ رول‘ نامی آکشن ہاؤس کے تحت فروخت کیا جائے گا۔
البم میں کل 12 گانے ہوں گے، 9 گانے ایسے ہیں جو مائیکل جیکسن نے پہلے کبھی ریلیز نہیں کیے بلکہ انہوں نے صرف گانوں کو ترتیب دے کر ریکارڈنگ کی تھی، جبکہ 3 ایسے گانے ہیں، جنہیں 2010 میں تھوڑی بہت تبدیلیوں کے بعد ریلیز کیا گیا تھا۔آکشن ہاؤس کو امید ہے کہ میوزک البم کو فروخت کے لیے پیش کیے جانے سے پہلے دن 10 لاکھ امریکی ڈالر کی کمائی ہوگی۔خیال رہے کہ مائیکل جیکسن 2009 میں چل بسے تھے، ان کی موت دوران علاج ہسپتال میں ہوئی تھی، بعد ازاں انہیں زہر یا پھر ضرورت سے زائد دوا دے کر قتل کیے جانے کی چہ مگوئیاں بھی ہوئیں۔مائیکل جیکسن کو پاپ موسیقی کا بادشاہ کہا جاتا ہے، ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔