اسلام آباد :مقبول اداکار گوہر رشید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ نکاح نامے پر دستخط کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اس موقع پر نکاح خواں اور دیگر شوبز شخصیات بھی موجود ہیں۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین نے یہ قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ گوہر رشید نے کبریٰ خان سے شادی کر لی ہے۔ تاہم، کچھ نے یہ بھی کہا کہ یہ ویڈیو حمزہ علی عباسی کی شادی کے موقع پر بنائی گئی تھی، جہاں گوہر رشید بطور گواہ شریک تھے۔
ویڈیو پر گوہر رشید کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں آئی، لیکن یہ ویڈیو دراصل اداکار حمزہ علی عباسی کی نکاح کی تقریب سے متعلق ہے۔
اس سے قبل، گوہر رشید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ کبریٰ خان اور دیگر شوبز شخصیات کے ساتھ شادی کی تقریب میں ڈانس پریکٹس کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔ ویڈیو کے کیپشن میں گوہر نے "بسم اللہ 2025ء" لکھا تھا، جس سے مزید قیاس آرائیاں ہوئیں کہ وہ کبریٰ خان سے جلد شادی کرنے والے ہیں۔
اداکار نے ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں کبریٰ خان، اشنا شاہ، مومل شیخ، اذان سمیع، شازیہ وجاہت، وجاہت رؤف اور عاشر وجاہت جیسے معروف فنکار شامل تھے، اور ہیش ٹیگ میں لکھا "میرے یار کی شادی ہے"۔ کبریٰ خان نے بھی گوہر رشید کی اسٹوری کو شیئر کرتے ہوئے لکھا، "بے شک میرے یار کی شادی ہے"۔
یہ ویڈیوز اور پوسٹس شوبز کے حلقوں میں شادی کی افواہیں مزید بڑھا رہی ہیں، لیکن ابھی تک گوہر رشید اور کبریٰ خان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔