اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایک نئی 3 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی ہے، جس کا مقصد بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائی کو آگے بڑھانا ہے۔
ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر واجد حسین اس جے آئی ٹی کی نگرانی کریں گے، جب کہ ٹیم میں سب انسپکٹر کاشف ریاض اور شمس خان بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیم دونوں رہنماؤں سے تحقیقات کرے گی اور عدالت کی معاونت کے ساتھ قانونی کارروائی کو آگے بڑھائے گی۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر الزامات ہیں کہ انہوں نے قیمتی تحائف کی خریداری اور فروخت میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ ایف آئی اے کی نئی تشکیل شدہ ٹیم اس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کرے گی اور اس کیس کی مزید پیشرفت کے لیے اہم اقدامات کرے گی۔