کرم میں حالات بہتر ہورہے ہیں ،امید ہے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر امن برقرار رکھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف

02:16 PM, 14 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آبا د : وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر درپیش چیلنجز کا حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے اسلام آباد میں خواتین کی تعلیم پر عالمی کانفرنس کے انعقاد کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا اقدام ہے جس میں ملالہ یوسفزئی بھی شریک ہوئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرم میں حالات بہتر ہو رہے ہیں اور وہاں مورچے ختم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر امن کو برقرار رکھیں گے اور متحارب گروپوں کے درمیان اب مزید لڑائی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2018 جیسے پرامن حالات واپس لانے کی کوشش کرے گا۔

انہوں نے فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پر دن رات کام ہو رہا ہے تاکہ دہشت گردوں کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پنجگور میں تجارتی کراسنگ سے قانونی تجارت کو فروغ ملے گا، جو ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم نے تعلیم کے شعبے میں مزید اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت 22.8 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، جن میں زیادہ تعداد بچیوں کی ہے۔وزیراعظم نے کرم میں حالات کی بہتری اور امن کی بحالی پر بھی بات کی اور کہا کہ کرم میں حملے کے بعد حالات نارمل ہو رہے ہیں اور آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔

انہوں نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کو بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ بہت جلد لندن کے لیے بھی پروازیں بحال ہوں گی۔ اس کے علاوہ، او آئی سی اور مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات لانے کے لیے حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے اس شعبے میں خاطر خواہ کام نہیں کیا تھا۔

مزیدخبریں