اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا خواہاں ہے اور چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر جمع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ سی پیک کے اگلے فیز میں اسپیشل اکنامک زونز، زراعت اور آئی ٹی سیکٹرز میں مزید تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے چین کے نجی شعبے اور برآمدی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی اور کہا کہ بڑی چینی کمپنیاں پاکستان کو برآمدی مرکز کے طور پر استعمال کر سکتی ہیں۔
محمد اورنگزیب نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان چینی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی میں اضافہ کرے گا، اور کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی حالات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔