لاہور : لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں جج ارشد جاوید نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران، فواد چودھری اور اسد عمر عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ شاہ محمود قریشی اور اعظم سواتی کے جیل وارنٹ پیش کیے گئے۔ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواستیں دائر کی گئیں۔
علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ وہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملنے کے لیے اڈیالہ جیل گئی ہیں، اور چونکہ آج عمران خان سے فیملی ملاقات کا دن ہے، اس لیے ان کی حاضری معافی کی جائے۔ بعدازاں، لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان، اسد عمر، عمر ایوب، فواد چودھری سمیت دیگر 104 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 12 فروری تک توسیع کر دی۔