صیہونی فورسز ہر فوجی قیدی خاتون کے بدلے 50 فلسطینی رہا کرنے کو تیار، معاہدہ آج متوقع

12:11 PM, 14 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

تل ابیب : اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں ایک معاہدے پر پہنچنے کے قریب ہے، جس کے تحت اسرائیل ایک فوجی خاتون قیدی کے بدلے 50 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے کو تیار ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے تین مرحلے ہوں گے، جن میں پہلی مرحلے میں اسرائیل غزہ کے فلاڈیلفی کوریڈور سے بھی دستبردار ہوگا، اور غزہ میں یرغمال اسرائیلی شہریوں کے بدلے 30 فلسطینی قیدیوں کی رہائی ممکن ہوگی۔

دوسرے مرحلے میں تمام قیدیوں کی رہائی کی صورت پیدا ہو گی، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو اور حکومت سازی پر کام کیا جائے گا۔ امریکی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ غزہ معاہدے کا اعلان اس ہفتے متوقع ہے، اور معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد فوراً شروع ہو جائے گا۔ اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کی ایک فہرست پیش کی ہے، تاہم مروان برغوثی کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کی کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس پیشرفت کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سکیورٹی مشاورت کر رہے ہیں، جبکہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ غزہ پر معاہدہ اس ہفتے تک طے پا سکتا ہے۔ غزہ میں ممکنہ جنگ بندی کی تاریخ 22 جنوری تک مؤخر کی گئی ہے اور اس کے بعد ہی معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد شروع ہو گا۔

مزیدخبریں