اسلام آباد: سینیٹ کا اجلاس آج شام 4 بجے ہوگا، جس کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ نے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ اجلاس میں ٹیکس قوانین ترمیم بل پر قائمہ کمیٹی خزانہ کی سفارشات پیش ہوں گی، جبکہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بل 2025 ایوان میں متعارف کرایا جائے گا۔
اس کے علاوہ، خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع کے لیے 8 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ کے اجراء پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز گرانٹ سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گے، جب کہ پی آئی اے کے طیاروں کے گراؤنڈ کرنے پر شیری رحمان بھی توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گی۔ اجلاس میں چار قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز مختلف امور پر رپورٹس ایوان میں پیش کریں گے اور سال 2022 کی این ایف سی ایوارڈز پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔