اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج متوقع ہے جس میں اہم ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری، نارکوٹکس ڈویژن کو وزارت داخلہ میں ضم کرنے کی منظوری اور ایوی ایشن ڈویژن کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کی سمری پیش کی جائے گی۔
مزید برآں، قومی کمیشن برائے اقلیت ایکٹ 2024 کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، جبکہ پیپرا رولز میں ترامیم کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔ ماحولیاتی ٹریبونل اسلام آباد کے ممبر محمد بشیر خان کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع پر بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں سی سی ایل سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔