راولپنڈی : تحریک انصاف کی طرف سے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے خلاف امیدوار اتارنے کے بعد لال حویلی سے عمران خان کی تصاویر ہٹادی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے راولپنڈی شہر کے دونوں حلقوں این اے 56 اور 57 سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے انکار کرتے ہوئے ان کے مقابلے میں اپنے دو امیدوار میدان میں اتارے ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید کے خلاف باقاعدہ امیدوار اتارنے کے اعلان کے بعد لال حویلی سے عمران خان کی تصاویر کے ساتھ پی ٹی آئی کے پرچم بھی اتار دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی رہائشگاہ کے باہر، سیڑھیوں اور میٹنگز رومز میں عمران خان کی اکیلی اور شیخ رشید کے ہمراہ کئی تصاویر لگائی گئی تھیں۔ 8 سال سے لال حویلی میں موجود ان تصاویر کو گزشتہ روز ہٹادیا گیا۔
گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے اپنے مقابلے میں پی ٹی آئی کا امیدوار سامنے آنے پر کہا کہ ‘میں نے دوستی نبھائی لیکن پی ٹی آئی نے میرے خلاف لندن اور امریکا سے آنے والوں کو ٹکٹ دے دیا’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں نے چلہ بھی کاٹا لیکن اپنا کیس اب اللہ کے سپرد کرتا ہوں، 8 فروری کو قلم دوات پر مہر لگا کر مجھے منتخب کرے۔میں 17 بار وزیر رہا لیکن میرے مقابلے میں پی ٹی آئی نے امریکی ایجنٹوں کو ٹکٹ دے دیے۔