غزہ جنگ کو 100 روز مکمل ہوگئے، اسرائیلی جارحیت نہ رکی،شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار 910 سے متجاوز

08:23 AM, 14 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

غزہ :غزہ جنگ کو 100 روز مکمل ہوگئے، اسرائیلی جارحیت نہ رکی۔ شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار 910 سے متجاوز کرگئی۔ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار 910 سے متجاوز ہو چکی ہے ۔

غزہ جنگ کے 100 روز مکمل ہونے کے بعد بھی رہائشی علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی فوج کی بمباری سے مزید 135 سے زائد فلسطینی شہید اور 312 افراد زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق رفح کراسنگ کے قریب گھر پر اسرائیلی حملے میں بھی دو سالہ بچی سمیت 14 فلسطینی شہید ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں الاقصیٰ اسپتال کے قریب دھماکوں اور شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ الاقصیٰ اسپتال میں ایندھن ختم ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ  میں صرف 6 ایمبولینسیں قابل استعمال رہ گئیں ہیں اور انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز بھی ایک بار پھر معطل کر دی گئیں ہیں۔القسام بریگیڈز نے اپنی بیان میں مغربی کنارے کے علاقے نور الشمس کیمپ میں اسرائیلی حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کردیا ہے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی 3 فلسطینی نوجوانوں کو  شہید کر دیا گیا، جنین شہر اسرائیلی بلڈوزر داخل ہوگئے ہیں،  مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی افواج اور شدت پسند یہودی آبادکاروں کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 340 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 3 ہزار 949 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں