پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اب 20 جنوری کو اسے تحلیل کئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر پر وزیراعلیٰ محمود خان نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اتوار کے روز دوپہر دو بچے چیف منسٹر ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی تحلیل کے حوالے سے پی ٹی آئی نے نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت صوبائی اسمبلی کو چار سے چھ دن تاخیر سے تحلیل کیا جائے گا اور 18 سے 20 جنوری کے درمیان گورنر کو خط ارسال کیا جائے گا۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تمام تر صورتحال کاجائزہ لیتے ہوئے اسمبلی تحلیل کیلئے گورنر کوایڈوائس بھجوانے کاحتمی فیصلہ کیاجائے گا جبکہ حکومتی سطح پر کچھ ضروری کاموں کی وجہ سے بھی اسمبلی تحلیل کا فیصلہ آئندہ چند روز کیلئے ملتوی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے مسائل نہ کئے گئے تو خیبرپختونخواہ اسمبلی کو تحلیل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ محمود خان نے کے پی اسمبلی تحلیل کیلئے سمری ہفتہ 14 جنوری کو گورنر کو ارسال کرنے کا اعلان کیا تھا۔