لاہور: اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نگران وزیر اعلی کے تقرر کیلئے مشاورت کریں گے ۔
حکومت اور اپوزیشن میں مشاورت مکمل ہوگئی تو تین دن میں نگران وزیر اعلی کا تقرر ہوجائے گا ۔ تین دن میں وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر میں مشاورت سے کوئی نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ اسپیکر کی کمیٹی میں جائے گا ۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی 6 اراکین اسمبلی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں گے ۔
اسپیکر کی کمیٹی میں 3 اراکین حکومت اور 3 اراکین اپوزیشن سے ہوں گے ۔ اسپیکر کی کمیٹی کو حکومت اور اپوزیشن نگران وزیر اعلیٰ کے لئے دو دو نام دے گی ۔ اتفاق رائے ہونے پر کمیٹی ایک نام فائنل کرے گی ۔ تین دن میں اتفاق رائے نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا ۔
الیکشن کمیشن بھی اپوزیشن اور حکومت سے نگران وزیر اعلیٰ کے لئے دو دو نام مانگے گا ۔ الیکشن کمیشن دو دن کے اندر نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر کرے گا ۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ حتمی ہوگا ۔ تمام عمل کو دیکھا جائے تو آٹھ روز میں نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر ہوگا ۔