اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپر تیار کر لیا ہے اور قیمتوں میں اضافہ کیا جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے 16 جنوری کیلئے 2 تجاویز تیار کی گئی ہیں جن میں سے پہلی تجویز یہ ہے کہ جس طرح لیوی کی شرح بڑھانے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اسی طرح ڈیزل پر بھی لیوی کی شرح میں اضافہ کر دیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے ڈیزل پر اس وقت 30 روپے فی لیٹر لیوی ٹیکس عائد ہے جبکہ اوگرا کی جانب سے تجویز تیار کی گئی ہے کہ ڈیزل پر عائد لیوی ٹیکس کو 30 روپے سے بڑھا کر 50 روپے کر دیا جائے۔
دوسری تجویز کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں تاہم یہ تجاویز کل حکومت کو بھجوائی جائیں گی جبکہ اس ضمن میں حتمی فیصلہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت سے کریں گے۔