کراچی :امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سازش میں مصروف ہے ، حکمران اتحاد بتائے بلدیاتی الیکشن سے کیوں بھاگ رہا ہے؟
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ حکومت الیکشن سے خوفزدہ کیوں ہے ؟کیوں عوام سے بھاگ رہے ہیں ؟بلدیاتی انتخابات اور الیکشن کمیشن سے تعاون حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا الیکشن کمیشن کواختیار حاصل ہے کہ وہ کراچی کو برباد کرنے والوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرئے،انتخابات میں پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہے لیکن حکمران عوام کے رد عمل سے ڈرتے ہیں ،،پپیلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوام کے مفاد پر سودے بازی کی ہے ،ہم ان کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کل لوگ ؓبے خوف وخطر بڑی تعداد میں نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، حکومت لوگوں کو پرامن طریقےسے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا حق د ے،کراچی کے لوگ جانتے ہیں کس نے ان کیلئے کام کیا اور کس نے برباد کیا،18 سال سے کراچی میں پانی کا ایک منصوبہ بھی نہیں بن سکا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر حکمران کراچی میں اپنی مرضی چلانا چاہیں گے تو پورا پاکستان متاثر ہوگا،کراچی سازشوں کا اڈہ بنے گاتو پاکستان کیسے ترقی کرے گا،حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ سازش کا عمل بند کریں اور الیکشن کی تیاری کریں۔