پاکستان ضرورت  کی اس گھڑی میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا ،ایپکس کمیٹی کا اعلامیہ 

08:17 PM, 14 Jan, 2022

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی امداد سے متعلق  اقوام متحدہ  کی اپیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان افغانستان کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغان صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا  تیسرا اجلاس اسلام اباد میں ہوا ،اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،،وزیر اطلاعات فواد چوہدری ،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ،مشیر تجارت عبدالرزاق دائود،مشیر قومی سلامتی معید یوسف  اور اعلٰی سول و عسکری حکام  نے شرکت کی۔

 کمیٹی نے افغانستا ن میںخراب ہوتی صورتحال پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار  کرتے  ہوئے عزم کا اظہا رکیا کہ  پاکستان ضرورت  کی اس گھڑی میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا ، کمیٹی نے عالمی برادری اور ریلیف ایجنسیز سے اپیل کی کہ   معاشی بحران سے بچنے اور قیمتی جانوں کو  بچانے کیلئے مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام  کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے ۔

، وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ    افغانسان میں انسانی بحران  روکنے  کیلئے دودست ممالک کا بھی تعاون حاصل کیا جائے اور میڈیکل، آئی ٹی، فنانس اور اکاؤنٹنگ میں تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت افغانستان بھیجوائی جائے ،انہوں نے  ہدایت کی کہ افغانستان کی بحالی اور ترقی کیلئے ریلوے ،معدنیات ،ادویات اور میڈیا کے  شعبوں  میں  بھی  افغانستان کے ساتھ تعاون کیا جائے  ۔

 کمیٹی کو پاکستان کی جانب سے افغانستان کیلئے پانچ ارب روپے کی امداد جس میں پچاس ہزار ٹن گندم ،ایمرجنسی میڈیکل  سپلائیز ،سردی سے بچائو  اور دیگر اشیا ء  شامل ہیں کی پیشرفت  سے متعلق آگاہ کیا گیا ۔

ایپکس کمیٹی کو بتایا گیا کہ افغانستان اس سخت سردی کے دوران بھوک اور بحرانی صورتحال کے دہانے پر ہے۔  لوگوں کے لیے مناسب خوراک اور رہائش حاصل کرنا مشکل   ہو گیا ہے ، کمیٹی نے افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم کیا اور امدادی اداروں پر فوری کارروائی کرنے پر زور دیا۔

مزیدخبریں