راولپنڈی: امن دشمنوں نے بنوں جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں جوان سرفراز علی شہید ہو گیا۔ میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 ملک دشمن گرفتار کرلئے گئے جبکہ 1 دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے بنوں جانی خیل میں فوجی چوکی پر حملہ کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 26 سالہ سپاہی سرفرازعلی شہید ہو گئے اور ان کا تعلق وہاڑی سے ہے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق :- دہشتگردوں نے 13 اور 14 جنوری کی رات فوجی چوکی پر حملہ کیا۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے جبکہ ایک ہلاک ہو گیا۔ ہلاک دہشت گرد زاہد عرف کوچے کالعدم ٹی ٹی پی کا کارندہ اور بارودی سرنگ بچھانے کا ماہر تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق غیر مقامی دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے جبکہ ملک دشمنوں سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ 5 جنوری کو سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک، ڈی آئی خان اور کوٹ کلی جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ تین کو گرفتار کیا گیا تھا اور دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔