گلوکارہ میشا شفیع اور دیگر چار افراد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

01:02 PM, 14 Jan, 2022

لاہور: عدالت نے  گلوکارہ میشا شفیع اور دیگر چار افراد کے علی ظفر  ہتک عزت  کیس میں وارنٹ گرفتاری سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

لاہور کی مقامی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے  تحریری فیصلہ جاری کیا جس  میں کہا گیا کہ میشا شفیع اور ان کے ساتھی ملزمان نے عدالتی سماعت سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔تاہم  میشا شفیع، سید فیضان رضا، حسیم ماہم جاوید اور علی گل پیر کا استثنیٰ مسترد کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ ملزمان نے عدالت کو مطمئن نہیں کیا اور چاروں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ملزمان 8 فروری سے پہلے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرا سکتے ہیں اور عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔اب عدالت 8 فروری کو ہونے والی اگلی سماعت میں علی گل پیر کی بریت پر دلائل سنے گی۔

خیال رہے کہ علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف جنسی ہراسانی کے جھوٹے الزامات لگانے پر ایک ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان الزامات نے عوام میں ان کے امیج کو متاثر کیا اور ان کی فیملی کو اذیت اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں