عالمی ادارہ صحت نےکورونا  کے دو نئے علاج کی منظوری دیدی

عالمی ادارہ صحت نےکورونا  کے دو نئے علاج کی منظوری دیدی

جنیوا: کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز پوری دنیا میں تیزی سے بڑھنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نےکورونا  کے دو نئے علاج کی منظوری دیدی ہے۔

برٹش میڈیکل جرنل بی ایم جے میں اپنی سفارشات میں عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے کہا  ہے کہ جوڑوں کے درد کی دوائی باریسیٹینیب  (baricitinib) کو کورٹیکوسٹیرائیڈز  (corticosteroids) کے ساتھ کوروناکے باعث انتہائی تشویشناک حالت کا شکار  مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 

ماہرین نے ان لوگوں کے لیے مصنوعی اینٹی باڈی ٹریٹمنٹ سوٹروویمیب (Sotrovimab) کی بھی سفارش کی جو کمزور مدافعیت رکھتے ہیں،  بزرگ ہیں یا زیابیطس جیسی دائمی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

دوسری جانب  امریکہ میں کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ اومیکرون تیزی سے پھیلنے  کے بعد  وائٹ ہاؤس کے طبی مشیر نے انتباہ جاری کر دیا،   وائٹ ہاؤس کے طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے امریکی عوام کو خبردار کر تے ہوئے کہا ہے کہ اومیکرون وائرس ممکنہ طور پر تمام افراد کو متاثر کرے گا، ویکسین اور بوسٹر شاٹس لگوانے والے افراد بھی اومیکرون کا شکار ہونگے تاہم ویکسین لینے والے  افراد میں اموات کی شرح انتہائی کم ہو گی۔

  دنیا بھر کے طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ عالمی وبا کورونا سے محفوظ رہنے کا واحد ذریعہ ویکسی نیشن ہے، ویکسین شدہ افراد میں موت کی شرح غیر ویکسین شدہ افراد کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔حالیہ  تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ  ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرنے والے  افراد میں موت کی شرح  انتہائی کم ہے۔

مصنف کے بارے میں