لاہور: تعلیمی ادارے کھولنے کیخلاف اہم درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار کے مطابق عالمی وبا کی دوسری لہر پہلی سے کہیں زیادہ خطرناک ہے اور اس وقت تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کا کوئی مناسب بندوبست نہیں جبکہ اگر تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دئیے گئے تو حالات بگڑ سکتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سکول کھولنے کیخلاف درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے صوبہ بھر میں تعلیمی ادارے 18 جنوری کو کھولنے کے فیصلے کو چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق عالمی وبا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے اس لیے حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے آن لائن کلاسز کے سلسلے کو جاری رکھنا چاہیے۔
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مراد راس کا کہنا تھا اگر عالمی وبا کی وجہ سے حالات خراب ہوئے تو سکول دوبارہ بند کر دینگے۔ انہوں نے کہا میرا خیال ہے جس طرح ہم نے باقی سیکٹرز ایس اوپیز کے ساتھ کھول رکھے ہیں اسی طرح اب ہم دوبارہ کھولنے جا رہے ہیں اور ایس اوپیز پر عمل کروائیں گے۔ اسکول کھولنے کا ایک مشکل فیصلہ ہے کیونکہ سب سے زیادہ نقصان بچوں کا ہو رہا ہے۔
بشکریہ(نئی بات)