اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن کے مستعفیٰ ہونے کے معاملے پر حکومتی وزرا متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ منظور نہ کرنیکی درخواست کر دی ہے۔ جن وزرا نے وزیراعظم سے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور نہ کرنیکی درخواست کی ہے ان میں فواد چوہدری ، علی زیدی، شیریں مزاری شامل ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی رابطہ کاری ندیم افضل چن نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ندیم افضل چن کے حکومت سے کئی امور پر اختلافات تھے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوا دیا تھا۔
ندیم افضل چن نے 8 جنوری کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں بے بسی کا اظہار کیا تھا کہ ‘اے بے یارو مددگار معصوم مزدروں کی لاشوں، میں شرمندہ ہوں’۔
خیال رہے کہ ندیم افضل چن نے 25 اپریل 2018 کو پاکستان پیپلز پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔ ندیم افضل چن نے 19 اپریل کو بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جہاں انھوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔