اسلام آباد: پاکستان سے متعلق ایف اے ٹی ایف کے جوائنٹ گروپ کا اجلاس آج ہوگا ، اجلاس ورچوئل طریقہ سے ہوگا ، اجلاس میں پاکستان کی اب تک کی کارکردگی پر بحث کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں امریکا ، برطانیہ ، فرانس ، جرمنی ، جاپان ، چین ، نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا ، بھارت اور بھوٹان شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ بھوٹان کو بھارت کے اصرار پر حال ہی میں گروپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے دہشت گردوں کی مالی معانت روکنے کے اقدامات کو جانچا جائے گا ، پاکستان کی جانب سے اب تک کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی ، اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل افراد کی حالیہ سزاؤں کا بھی ذکر کیا جائے گا۔
پاکستان کو خدشہ ہے کہ بھارت ایک بار پھر پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کر سکتا ہے۔ اس سے پہلے بھارت کو 2 بار بلیک لسٹ کے معاملے پر منہ کی کھانی پڑھی ہے۔
یاد رہے کہ جوائنٹ گروپ کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف پلانری اجلاس میں اگلے ماہ پیش کی جائے گی ، پلانری اجلاس میں پاکستان کی گرے لسٹ میں رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 21 پوائنٹس پر پوری طرح عملدرآمد کرچکا ہے۔