اسلام آباد:لیڈر آف دی اپوزیشن شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہو ئے انکشاف کیا کہ لیگی دور میں نواز شریف نے مہمند ڈیم کیلئے 2ارب روپے مختص کیے تھے ،مہمند ڈیم کا ٹھیکہ اب بہت بڑا سوال بن چکا ہے ،دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے زمین ہماری حکومت میں ہی خریدی گئی ، ان کا کہنا تھا ڈیمز بنا نا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ غریب عوام کیلئے بڑا جھٹکا ہے ،تحریک انصاف کی حکومت نے 9سے 15فیصد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ،بجلی بحران کی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے پاکستان سے اندھیروں کا خاتمہ کیا لیکن ایک دفعہ پھر لوڈشیڈنگ کا جن بوتل سے با ہر آرہا ہے ،ہماری حکومت نے جنگی بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا ،ان کا کہنا تھا اس وقت پورے ملک میں مہنگائی کی ایک شدید لہر ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کا کنٹریکٹ ایوارڈ کیاجانابہت بڑا سوال بن گیا ہے،800 میگاواٹ کا مہمند ڈیم دریائے سوات پر بنایاجائےگا،ایسی کیا قیامت آگئی تھی کہ دوسری بولی کومستردکردیا،میں الزام تراشی نہیں کرنا چاہتا،مہمند ڈیم کا ٹھیکا دینے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی حکومت میں کیا گیا،مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند بات ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مئی 2015 میں رائے تھی کہ وقت بچانے کیلیے براہ راست کنٹریکٹس ایوارڈکرنے چاہئیں ،وزیراعظم نے اس تجویزپر ایمرجنسی شق پر عمل نہیں کیا ،انتہائی شفاف طریقے سے 3600میگاواٹ کے تین بجلی گھر لگائے گئے۔