نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین ملکی سیریز جیت لی

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین ملکی سیریز جیت لی

کراچی :نیوزی لینڈ نے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز اپنے نام کر لی۔ نیوزی لینڈ نے 243 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 242 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد رضوان 46، سلمان آغا 45، اور طیب طاہر 38 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان 10، بابر اعظم 29، سعود شکیل 8، خوشدل شاہ 7، فہیم اشرف 22، شاہین شاہ آفریدی 1 اور نسیم شاہ 19 رنز بنا سکے، جبکہ ابرار احمد ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کے ول او رورکی نے 4 جبکہ مائیکل بریسویل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیرل مچل 57، ٹام لیتھم 56، اور ڈیوڈ کونوے 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جبکہ ابرار احمد، سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی اس جیت کے ساتھ ہی تین ملکی کرکٹ سیریز کا اختتام ہوگیا، جبکہ پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ اور باؤلنگ کے شعبوں میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔