’’مجھے کیوں نکالا؟‘‘ شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے پر سوال اٹھا دیا 

’’مجھے کیوں نکالا؟‘‘ شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے پر سوال اٹھا دیا 

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے ایم این اے شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے پر سوال اٹھا دیا اور اپنے ہی ارکان سے ’’مجھے کیوں نکالا؟‘‘ کا سوال کیا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا تھا، جس کی وجہ ان کی پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی بتائی گئی۔ ذرائع کے مطابق، شیر افضل مروت کو قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی کہا جا سکتا ہے۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں شیر افضل مروت کی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا خیرمقدم کیا، جس پر اسپیکر نے مسکراتے ہوئے کہا: ’’آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا۔‘‘۔ جب پی ٹی آئی ارکان چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں ایوان میں پہنچے، شیر افضل مروت نے اپنے ہی پارٹی ارکان کو ’’مجھے کیوں نکالا؟‘‘ کے نعرے لگائے۔

اس پر حکومتی ارکان نے ’’مروت کو کیوں نکالا؟ جواب دو‘‘ اور ’’ظالمو جواب دو، مروت کا حساب دو‘‘ کے نعرے بلند کیے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی کی تصویر اپنے مائیک کے سامنے رکھی، اور پی ٹی آئی کے ارکان پلے کارڈز ڈیسک پر رکھ کر بیٹھ گئے۔شیر افضل مروت نے مختصر نکتہ اعتراض میں کہا: ’’میرا سوال اپنے ہی دوستوں سے ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟‘‘ اس سوال پر حکومتی ارکان مسکرا دیے، جبکہ پی ٹی آئی کے ارکان خاموش رہے۔

مصنف کے بارے میں