پاکستان میں سونا مزید مہنگا، قیمت نئی حد پار کر گئی

07:21 PM, 14 Feb, 2025

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے، اور آج ایک بار پھر فی تولہ سونا 2 ہزار 200 روپے اضافے کے ساتھ نئی بلند ترین سطح 3 لاکھ 6 ہزار 200 روپے تک جا پہنچا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 24 قیراط فی تولہ خالص سونے کی قیمت 2 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 6 ہزار 200 روپے ہو گئی، جبکہ 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1 ہزار 886 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد یہ 2 لاکھ 60 ہزار 631 روپے تک پہنچ گئی۔

اسی طرح 22 قیراط 10 گرام سونا 2 لاکھ 38 ہزار 920 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ چاندی کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ چاندی 83 روپے بڑھ کر 3 ہزار 450 روپے اور 10 گرام چاندی 71 روپے اضافے کے ساتھ 2 ہزار 957 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق، بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 2 ہزار 933 ڈالر پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی تھی، جب فی تولہ نرخ 2 ہزار 500 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 4 ہزار روپے تک جا پہنچے تھے۔ 10 فروری کو بھی سونے کی قیمت میں 4 ہزار روپے کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جب فی تولہ نرخ 3 لاکھ 3 ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ ماہرین اس اضافے کو عالمی اقتصادی حالات اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ سے جوڑ رہے ہیں۔
 

مزیدخبریں