اسلام آباد: سینیٹ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام، بیرون ملک بھیک مانگنے اور نوعمر لڑکیوں کو جسم فروشی کے لیے بھیجنے کے حوالے سے سخت سزائیں دینے کے تین اہم بلز متفقہ طور پر منظور کر لئے ہیں۔ یہ بلز وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیے۔
ان بلز کے تحت، غیر قانونی تارکین وطن کی سمگلنگ اور ٹریفیکنگ سے متعلق افراد کو 3 سے 10 سال قید اور جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی۔ وزیر قانون نے کہا کہ ان بلز کا مقصد ان جرائم کی روک تھام اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنا ہے۔ اس کے علاوہ، سینیٹ میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پرامن جلسہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے اور ملک میں کہیں بھی پرامن جلسہ کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
سینیٹ اجلاس میں صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے ترمیمی بل 2022 اور سروسز ٹربیونلز ایکٹ ترمیمی بل 2024 کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں کورم کی نشاندہی کی گئی، تاہم کورم مکمل ہونے کے بعد اجلاس کا عمل جاری رہا۔ یاد رہے کہ یہ بلز اور قرارداد سینیٹ میں متفقہ طور پر منظور کی گئی، اور ان پر کسی رکن نے مخالفت نہیں کی۔