لاہور: مریم نواز ملک کی تاریخ میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے وزیراعظم کیلئے شہبازشریف کو جبکہ مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔
ملک میں حکومت بنانے کیلئے سیاسی اتحاد کے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان صدر کے نئے مکیں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ہوں گے جو دوسری مرتبہ اس منصب پر فائز ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اتفاق ہوا کہ پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز جبکہ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ پی پی پی کے دائرہ ہدف میں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اس بارے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت سے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ملاقاتوں کے درمیان یہ بات طے ہوچکی ہے کہ وزیراعظم کیلئے پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کے نمائندے اور مسلم لیگ ن صدارت کیلئے پیپلز پارٹی کے نمائندے کی حمایت کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائد وزیر اعظم کے عہدے کیلئے شہباز شریف کو نامزد بھی کر چکے ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی طے شدہ باتوں کے بعد اگر صورتحال میں کوئی غیرمتوقع تبدیلی نہیں آتی تو آئندہ حکومت میں ملک کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے منظرعام پر آنے والے فیصلوں کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چیف آرگنائزر مریم نواز کو وزارت اعلیٰ پنجاب کے منصب پر نامزد کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔