اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعم دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کی سوچ جمہوری ہوتی تو ن لیگ کےساتھ مک مکا کی نئی مہم نہ چلاتے، پی ٹی آئی کو میسر عوامی مینڈیٹ تسلیم کرتے۔
بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی ترجمان نے کہا ہے کہ انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد پی ڈی ایم کے کل پرزوں نے عوام کو دھوکہ دینے کیلئے نئے ناٹک کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ زرداری کے فرزند کی سوچ جمہوری ہوتی تو جاتی امرا کے قذاقوں کے ساتھ مک مکا کی نئی مہم چلانے کی بجائے تحریک انصاف کو میسر عوامی مینڈیٹ تسلیم کرتے اور ووٹ کی کھلی بے حرمتی کی مذمت کرتے۔
پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکے کے دو رخ، عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھنسانے اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے حوالے سے زرداری کے فرزند کی جماعت سیاہ تاریخ کی حامل ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی عہدوں کی آپس میں تقسیم ان کےکسی کام نہیں آئےگی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں، ان کی ہر سازش اور پسِ پردہ مک مکا کا توڑ نکالیں گے۔