اسلام آباد: وزارت خزانہ نے فنانس بل کل پارلیمنٹ پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور وفاقی کابینہ نے فنانس بل کی منظوری بھی دیدی ہے جبکہ پارلیمنٹ کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اسحاق ڈار کی 9 بج کر 25 پر ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فنانس بل سے متعلق آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی تھی جس دوران صدر نے بجٹ تجاویز آرڈیننس کی صورت میں نافذ کرنے پر اعتراضات اٹھا ئے تھے۔
صدر مملکت نے اضافی ٹیکس نافذ کرنے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے بھیجے جانے والے مالیاتی آرڈیننس کو فوری طور پر منظور کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسحاق ڈار کو جواب دیا تھا کہ ’مالیاتی بل کوقومی اسمبلی سے منظور کرائیں‘۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تجویز کے بعد وفاقی حکومت نے منی بجٹ آرڈیننس کے ذریعے نہ لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے پارلیمینٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔