اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ پر مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن حکام نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر سیکرٹری الیکشن کمیشن، سپیشل سیکرٹری، ڈائریکٹر جنرل لاءکی گورنر پنجاب سے تفصیلی مشاورتی میٹنگ ہوئی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے گورنر پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق صوبہ میں پنجاب اسمبلی پنجاب کی الیکشن کی تاریخ پر مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ہدایت پر یہ میٹنگ ہو رہی ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کی لہٰذ ا وہ آئین کے تحت الیکشن کی تاریخ دینے کے مجاز نہیں، ایسی صورتحال میں ان کی تجویز الیکشن کمیشن پر لازم نہیں ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماورائے آئین اور قانون کوئی اقدام نہیں اٹھانا چاہتا، ہائیکورٹ کا فیصلہ تشریح طلب ہے اور اس کیلئے ہم قانونی راستہ اختیار کر رہے ہیں تاکہ آئین و قانون کی ضروری تشریح ہو جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب 8 فروری کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پنجاب کے فنانشل اور سیکیورٹی مسائل کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں، لہٰذا آج کے مشاورتی اجلاس میں دوبارہ بریفنگ کی ضرورت نہیں۔