لاہور:مرکز اور پنجاب میں سازشیں کرنے والا کوئی اور نہیں ایک ہی گینگ تھا ،سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بہت سارے راز ہیں جو میرے سینے میں دفن ہیں،بد قسمتی سے معاشی عدم استحکام کے ساتھ سیاسی عدم استحکام بھی نظر آرہا ہے۔
سابق معاون خصو صی فردوس عاشق اعوان نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کو باہر سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو پی ٹی آئی سے خطرہ ہے ،وزیراعظم کے ارد گرد ٹولہ ناتجربہ کار اور مفاد پرست ہے، مرکز اور پنجاب میں سازشیں کرنے والا گینگ ایک ہی تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کی کہ بد ترین صورتحال میں بہترین پرفارمنس دوں ،شاید لیڈر شپ کو مجھ سے بہتر کی تلاش تھی۔ بہت سارے راز ہیں جو اس وقت میرے سینے میں دفن ہیں ۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا خان کے اردگرد جو لوگ ہیں وہ کہیں نہ کہیں نا تجربہ کاری کی وجہ سے ذاتی مفاد کی وجہ سے پارٹی کے مفادات کو ذاتی خواہشات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔وفاق اور پنجاب کا ایک ہی گینگ اور گروہ تھا او رمائنڈ سیٹ تھا جو وفاق میں سازشوںمیں مصروف تھے وہ پنجاب میں تھے، انہوں ے کہا کہ زیادہ بولنا نہیں بلکہ سچ بولنا ، حقائق سامنے لانا مشکلات کاباعث بنے، پی ٹی آئی کی بہت ساری قیادت جونامور عہدوں پر ہیں وہ میری تحریک انصاف میںشمولیت کے مخالف تھے ۔
اپنے سیاسی مستقبل کا لائحہ عمل بتاتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ، لوگ اپروچ کرتے ہیں ،دکان میں سودا پڑا ہو تو خریدار آتا ہی ہے، اپنی مستقبل کی سیاست کے حوالے سے کہا کہ میں جس پلیٹ فارم پر ہوں اسی سے سیاست کرنی ہے اورمیرے پلیٹ فار م کا نام عوام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جتنے ترجمان ہیں اتنی ہی کنفیوژن بڑھی ہے ،جو چور ہیں وہ صاف بن کر بیٹھے ہیں۔نا دان مشیر خان صاحب کو اس نہج پر لے آئے ہیں، سرٹیفکیٹ او ر ٹرافیاں میچ ختم ہونے کے بعد دی جاتی ہیں ،یہ ضروری کام نہیںتھا اس سے حکومت کا اپنا گورننس سٹرکچر کمزور ہوا ہے ۔