لاہور: دنیا بھر میں مختصر دورانئے کی ویڈیوز کی سب سے بڑی ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے پاکستان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی 60 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹا دی ہیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ڈیلیٹ کی گئی ویڈیوز میں سے 73.9 فیصد ہراساں کرنے والے مواد جبکہ 72.4 فیصد ویڈیوز نفرت انگیز مواد پر مبنی تھیں۔
دوسری جانب کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال یکم جولائی سے 30 ستمبر کے دوران دنیا بھر میں مجموعی طور پر 91 ملین ویڈیوز ڈیلیٹ کی گئیں جو اپ لوڈ کی گئیں مجموعی ویڈیوز کا ایک فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان میں سے 95 فیصد ویڈیوز صارفین کی جانب سے رپورٹ کئے جانے سے پہلے ہی ہٹا دی گئیں اور 88 فیصد ویڈیوز صارفین کے دیکھنے سے پہلے ڈیلیٹ کر دی گئیں جبکہ 93 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ کئے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹائی گئیں۔