اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان ہائیڈور پاور ڈویلپمنٹ سے متعلق ایک بین الاقوامی سمپوزیم کی تقریب میں شرکت کر رہے تھے جہاںان کے ساتھ مونس الہٰی بھی موجود تھے ،تقریب میں جہاں عمران خان نے شرکا سے خطاب کیا وہیں مونس الہٰی نے بھی اظہار خیال کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مونس الہٰی نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا جملہ ہی انہیں ایک نئے انداز میں سنایا ۔مونس الہٰی نے کہا آج کل تماشا چل رہا ہے یہ جو بھی باتیں ہو رہی ہیں، وزیراعظم سے گزارش ہے ایک بار پی ٹی آئی والوں کو تگڑے طریقے سے کہہ دیں’’ گھبرانا نہیں‘‘ ہے۔
مونس الہٰی نے کہا کہ وہ سیاسی لوگ ہیں ان کا کام ہے لوگوں سے ملنا، جو گھر آئے اس کا خیر مقدم کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ تعلقات بناتے اور تعلقات نبھاتے ہیں، ہمارا جناب سے تعلق بنا ہے اور وہ ہم نے نبھانےکے لیے بنایا ہے۔
مونس الہٰی کے جملوں کو سن کر کپتان بھی خوش ہوگئے ،مونس الٰہی کی بات سن کر کپتان کا چہرہ کھل اٹھا ۔
وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے 25 سالہ جدوجہد میں ایسے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں کہ ہمارے کارکن اور قیادت بالکل بھی نہیں گھبرارہے ، البتہ جو لوگ گھبرا رہے ہیں انہیں چوہدری شجاعت حسین کی طبعیت خرابی کا خیال آگیا ہے اور وہ عیادت کے بہانے سیاسی رابطے کر رہے ہیں ، لیکن میں چوہدری برادران پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔