لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقہ کے بلے باز ریلی روسو نے پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگ اور پاکستان کو کرکٹ کیلئے محفوظ مقام قرار دیدیا ہے۔
ریلی روسو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں دیگر کرکٹرز کی طرح مجھے بھی کچھ شکوک و شہات تھے لیکن جب پہلی بار پاکستان آیا تو اسی وقت سوچ لیا تھا کہ پوری دنیا کو یہ بتاؤں گا کہ پاکستان کیسا ملک ہے، پاکستان سپر لیگ کیلئے دوبارہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں ملتان سلطانز کی کارکردگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئندہ میچز میں بھی جیت کا سلسلہ برقرار رہے گا، پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت شاندار ہے، میں نے جتنی لیگز کھیلیں ان میں پاکستان سپر لیگ سب سے ٹاپ پر ہے۔