لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی 16فروری کو کراچی میں رپورٹ کریں گے اور 17 فروری کو ٹریننگ کا آغاز ہو گا جبکہ آسٹریلین ٹیم کو قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد ٹریننگ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے منتخب ہونے والے ایسے کھلاڑی جو پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں شریک نہیں، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کریں گے جبکہ پی ایس ایل کھیلنے میں مصروف کھلاڑی فارغ ہونے پر کیمپ جوائن کرتے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی 23 فروری کو اسلام آباد جائیں گے اور 24 سے 26 فروری تک قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد 27 فروری سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ شروع کریں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی اور قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ تین ون ڈے اور واحد ٹی 20 میچ بھی راولپنڈی میں ہی ہو گا۔