تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے ملک بھر میں عالمی وبا کی چوتھی لہر کے خطرے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے طبی عملے کو الرٹ رہنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ ایران کے جنوب مغربی 9 شہر اور قصبوں کو ہائی رسک ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں رواں ہفتے برطانیہ میں پائے گئے نئے وائرس سے 3 اموات رپورٹ ہوئیں ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر ایرانی عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اجتماعات سے دور رہنے کی سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایران میں 9 فروری سے ویکسی نیشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایران کا 20 مارچ تک 1.3 ملین افراد کی ویکسی نیشن کرنے کا منصوبہ ہے۔
ادھر بھارت میں عالمی وبا سے اموات کی تعداد 1 لاکھ 55 ہزار 642 جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 9 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ بھارت میں 24 گھنٹوں میں 12 ہزار 194 نئے کیسز جبکہ 92 اموات رپورٹ ہوئیں۔
چائنیز ہیلتھ کمیشن نے بتایا ہے کہ چین میں گزشتہ روز عالمی وبا کے 7 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ میں گزشتہ روز عالمی وبا کے تین نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ میں وائرس میں مبتلا تینوں افراد ایک ہی خاندان کے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں 24 جنوری کے بعد سے کیس رپورٹ ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ خبریں ہیں کہ نیوزی لینڈ میں 20 فروری سے ویکسی نیشن کا آغاز ہو رہا ہے۔
لبنان میں یو این کے تعاون سے فائزر بائیواین ٹیک ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ہے۔ سعودی عرب میں گزشتہ روز 337 کیس جبکہ 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔ سعودی عرب میں وبا پر قابو پانے کیلئے پابندیوں میں مزید 20 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔
میکسیکومیں عالمی وبا سے اموات کی تعداد 1 لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ برازیل میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ گزشتہ روز برازیل میں مزید 44 ہزار 299 کیس اور 1 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔
پرتگال نے برازیل اور برطانیہ سے پروازوں پر پابندی میں یکم مارچ تک توسیع کر دی ہے۔ ادھر برطانوی وزیراعظم پابندیوں میں جلد نرمی کرنے کیلئے پرُامید ہیں۔ برطانیہ میں 14.5 ملین افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے جبکہ کیسز اور اموات میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں اموات کی تعداد 4 لاکھ 96 ہزار سے زائد اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 82 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔