پاکستان اور ترکی بے مثال دوستی کے بندھن میں جڑے ہیں، فردوس عاشق اعوان

پاکستان اور ترکی بے مثال دوستی کے بندھن میں جڑے ہیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی بے مثال دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے پیغام میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ ترک صدر کا پاکستانی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے چوتھا خطاب لازوال دوستی کا مظہر ہے،رجب طیب اردوان اور عمران خان کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی بھرپور تائید وحمایت کے باعث پاکستان کے عوام کے دل میں ترک قیادت اور عوام کے لئے خصوصی احترام ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر پر ترکی کے اصولی موقف پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پاک ترک اسٹریٹیجک شراکت داری سے متعلق اعلی سطح مشاورت کا چھٹا اجلاس دونوں ممالک میں مزید قربت کا باعث ہے۔

معاون خصوصی نے واضح کیا کہ ترک صدر کا دورہ دوطرفہ معاشی و اقتصادی، تجارتی و ثقافتی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا باعث بنے گا، تجارتی و کاروباری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔