نیویارک:ترک صدر رجب طیب اردوان مسلم ممالک کے پسندیدہ ترین رہنماؤں میں سر فہرست ہیں۔
عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ انٹرنیشنل نے عالمی پسندیدہ رہنماؤں کے بارے میں معلوم کرنے کے لیے دنیا بھر میں 5 ہزار 261 افراد سے رائے لی۔ہر ملک میں ایک ہزار مردوں اور خواتین کا نومبر اور دسمبر میں انٹرویو کیا گیا۔
گیلپ سروے کے مطابق مسلم ممالک میں ترک صدر کی مقبولیت 30 فیصد ہونے کے سبب وہ سر فہرست ہیں۔دنیا کے سرفہرست مسلم رہنماؤں میں دوسرا نمبر سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کا ہے جن کی مقبولیت 25 فیصد ہے جب کہ ایران کے صدر حسن روحانی 21 فیصد مقبولیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سروے کے مطابق عالمی رہنماؤں میں 46 فیصد مقبولیت کے ساتھ جرمن چانسلر انجیلا مرکل دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہیں جب کہ 40 فیصد مقبولیت کے ساتھ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون دوسرے اور 36 فیصد مقبولیت کےساتھ روس کے صدر ولادمیرپیوٹن تیسرے نمبر پر ہیں۔
عالمی رہنماؤں کی فہرست میں چوتھا نمبر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہے جن کی مقبولیت کا گراف 31 فیصد ہے جب کہ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی مقبولیت 30 فیصد ہے،اس طرح دونوں پانچویں نمبرپر ہیں۔