انشااللہ اگلے جمعہ تک رہائی مل جائے گی:نواز شریف

03:15 PM, 14 Feb, 2019

لاہور:ایک طرف تو لاہور ہائیکورٹ نے میاں شہباز شریف کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں تو دوسری جانب میاں نواز شریف نے بھی اگلے جمعہ تک اپنی رہائی کا دعویٰ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے آج کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کوٹ لکھپت جیل میں کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے وہ ٹی وی دیا ہے جس پر کوئی خبر نامہ نہیں آتا، پی ٹی وی میں کوئی خبر نہیں آتی ، میں عدالتی کارروائی دیکھنے سے محروم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہی ہے، ہیلتھ کارڈ پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ ن لیگ کا منصوبہ تھا، ان لوگوں کے پاس کرنے کو کچھ نہیں۔

نواز شریف سے اراکین نے پوچھا کہ اگر آپ کو رہائی ملی تو آپ کہاں جائیں گے، آپ بتائیں کہ آپ ہسپتال جیل یا گھر جانا پسند کریں گے ؟ تو اس سوال پر جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھے اگر رہائی ملی تو میں رائے ونڈ جاتی امرا جاؤں گا ، نواز شریف نے مزید کہا کہ انشااللہ اگلے جمعہ تک رہائی مل جائے گی۔

نواز شریف نے بتایا کہ آج صبح سات بجے سیل کھلا تو میں بارش کے سہانے موسم سے خوب لطف اندوز ہوا، اگر جیل سے باہر ہوتا تو برف باری کو انجوائے کرتا۔ نواز شریف نے سہانے موسم میں ملاقات کے لیے آئے کارکنان کو شعر بھی پڑھ کر سنایا اور کہا کہ صبح ہوتی ہے شام ہوتی زندگی یوں ہی تمام ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ العزیزیہ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا ہوئی تھی جس کے بعد انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس کیس میں سزا کے خلاف عدالت میں درخواست ضمانت بھی دائر کر رکھی ہے۔

نواز شریف کی درخواست ضمانت دائر ہونے کے بعد سے ہی سیاسی حلقوں میں این آر او کی بازگشت سنائی دے رہے ہے لیکن اس حوالے سے حکومتی نمائندوں اور مسلم لیگ ن کے رہنماو¿ں نے بھی تردید کی ہے۔

مزیدخبریں