تل ابیب :اسرائیل نے امید ظاہر کی ہے کہ پولینڈ اور امریکا کی میزبانی میں وارسا میں منعقد مشرقِ وسطیٰ کانفرنس اسرائیل اور عرب ریاستوں کے درمیان تعلقات میں بہتری میں کلیدی کردار ادار کر سکتی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے بدھ کے روز پہلی بار عوامی سطح پر کہا کہ ان کے دور حکومت میں اسرائیل اور متعدد خلیجی ریاستوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پولینڈ میں منعقد ہونے والی مشرقِ وسطیٰ کانفرنس ان تعلقات میں مزید بہتری کا پیشہ خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔
متعدد عرب ریاستوں کے اعلیٰ عہدیدار پولینڈ میں منعقدہ اس کانفرنس میں شریک ہو رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہ دیے جانے کی وجہ سے اس کانفرنس کو ’ایران مخالف اتحاد‘ کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ دیکھنا یہ ہو گا کہ عرب ریاستیں اس کانفرنس میں فلسطینیوں کے لیے کوئی رعایت مانگتی ہیں، یا اس موضوع کو صرفِ نظر کیا جاتا ہے۔