'لودھراں میں عوام کے فیصلے کے بعد عدالتوں میں بیٹھے منصفوں کو بھی سوچنا چاہئے'

02:07 PM, 14 Feb, 2018

لاہور: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لودھراں میں شاندار کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں اور دل چاہتا ہے کہ لودھراں جا کر عوام کا شکریہ ادا کروں۔

سابق وزیراعظم نے کہا لودھراں میں جیت سیاسی مخالفین کیلئے لمحہ فکریہ ہے اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کا نعرہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ قوم نے فیصلہ سنا دیا ہے اب عدالتوں میں بیٹھے منصفوں کو بھی سوچنا چاہئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے اور 20 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ملک میں ووٹ کا احترام نہیں رہا اسے بحال اور قائم کرنا ہے۔ ووٹ کا احترام ہو گا تو ملک آگے بڑھے گا اور تمام طبقوں کو ووٹ کا احترام کرنا چاہیے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم خلوص سے ملک کی خدمت کر رہے تھے لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل اور جھوٹا قرار دے دیا گیا۔ انصاف کی کرسی پر بیٹھے لوگ اللہ کے حضور کیا جواب دیں گے اور انہیں سب سے زیادہ جواب دہ ہونا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں