اسلام آباد: سپریم کورٹ میں حال ہی میں تعینات ہونے والے جج جسٹس منصور علی شاہ کی تعیناتی کے حوالے سے دائر پٹیشن کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے عادی مقدمہ باز شاہد اورکزئی کی سپریم کورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ چیف جسٹس پاکستان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ پٹیشن کرنے کے عادی ہیں اور ججوں کی تضحیک بھی کرتے ہیں لیکن اب ججوں کی تضحیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور جھوٹی پٹیشن کا دور ختم ہو گیا ہے ۔
اس موقع پر شاہد اورکزئی نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کی کون سی رجسٹری میں پابندی ہو گی۔ اس کے جواب میں چیف جسٹس نے کہا سپریم کورٹ کی تمام رجسٹریوں میں پابندی ہو گی اور اگر آپ نے روسٹرم نہ چھوڑا تو مزید سخت اقدام اٹھا سکتا ہوں۔
یاد رہے شاہد اورکزئی نے سپریم کورٹ میں حال ہی میں تعینات ہونے والے جج جسٹس منصور علی شاہ کی تعیناتی کو چیلنج کیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں