لاہور: وزیر اوقاف اور مذہبی امور پنجاب زعیم قادری نے کہا ہے کہ لاہور خودکش دھماکے کے آدھے گھنٹے بعد سیف سٹی کیمروں کے ذریعے حملہ آور کی شناخت کر لی گئی تھی، اب تک تیس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔صوبائی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے ۔ دہشت گردوں نے پاکستان کے دل پر حملہ کر کے قوم کو سوگوار کیا تاہم پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ضرور ہو گا ۔’’کرکٹ ہوگی اور جان پر کھیل کر سیکیورٹی دیں گے‘‘۔پوری قوم کہتی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ہونی چاہیے۔
نیو نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور جوانوں نے اپنی جان دیکر لوگوں کی حفاظت کی تاہم حکومت شہداءکے لواحقین کا نقصان پورا نہیں کرسکتی ۔سانحہ پر سیاست نہ کی جائے بلکہ دہشت گردوں سے مل کر نمٹنا ہو گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں سال بعد دہشتگردی کا واقعہ ہوا ہے ، عسکری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں نے پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف سینکڑوں آپریشن کیے ۔جن ہسپتالوں میں مریض لائے گئے ہیں وہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور علاج معالجے کے حوالے سے کسی مریض نے کوئی شکایت نہیں کی ۔