کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنی ویڈیو اور آڈیو کالنگ کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے 4 نئے اور اہم فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو صارفین کو ایک نیا اور انٹرایکٹو تجربہ فراہم کریں گے۔
میٹا کی زیرملکیت ایپ واٹس ایپ دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد صارفین کی جانب سے استعمال کی جاتی ہے، اور ہر روز لاکھوں افراد آڈیو اور ویڈیو کالز کرتے ہیں۔ اس لیے کمپنی نے نئے فیچرز پیش کیے ہیں تاکہ کالنگ کا تجربہ اور زیادہ دلچسپ اور مفید ہو۔
یہ نئے فیچرز واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ اور موبائل ایپ دونوں پر دستیاب ہوں گے۔ ان میں سے ایک فیچر ویڈیو کالنگ ایفیکٹس سے متعلق ہے، جس کے ذریعے صارفین ویڈیو کالز کے دوران اپنی شکل و صورت کو مختلف ایفیکٹس کے ذریعے تبدیل کر سکیں گے۔ اس فیچر میں 10 نئے ایفیکٹس متعارف کرائے گئے ہیں، جو ویڈیو کالز کو مزید تفریحی اور دلچسپ بنا دیں گے۔
دوسرا فیچر گروپ کالنگ کے حوالے سے ہے، جس کے ذریعے اب صارفین کسی مخصوص شخص یا افراد کو منتخب کر کے ان سے کال کر سکیں گے، اور دیگر گروپ ممبران کو اس کا علم نہیں ہوگا۔ اس فیچر سے گروپ کالز مزید ذاتی اور پرائیویٹ ہوں گی۔
اس کے علاوہ، واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں کالنگ کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا "کالز ٹیب" متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ صارفین کو کالز اور کال لنکس بنانے میں مزید سہولت ہو۔
چوتھا نیا فیچر ویڈیو کالنگ کی تصویر کے معیار کو بہتر بنائے گا، جس کے تحت ہائی ریزولوشن ویڈیوز فراہم کی جائیں گی، تاکہ ون آن ون اور گروپ کالز کا تجربہ زیادہ صاف اور بہتر ہو۔