لاہور: استحکامٍ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی فہرست ن لیگ کے حوالے کردی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور استحکامِ پاکستان پارٹی کی کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں ن لیگ کی طرف سے ایاز صادق، سعد رفیق، عطاء تارڑ اور ملک احمد خان اور استحکامِ پاکستان پارٹی کے اسحاق خاکوانی، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قومی اسمبلی کے حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مشاورت ہوئی، آئی پی پی اور ن لیگ کے رہنماؤں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مختلف آپشنز پر غور کیا، چند روز میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی، جمعے کو ن لیگ اور آئی پی پی کی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس دوبارہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین لودھراں، علیم خان اور عون چوہدری لاہور سے الیکشن لڑیں گے جبکہ فرخ حبیب فیصل آباد سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ فرخ حبیب کو عابد شیر علی والے حلقے کے بجائے کسی دوسرے حلقے سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسحاق خاکوانی وہاڑی جبکہ فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ سے الیکشن لڑیں گی، گل اصغر اور احسان ٹوانہ خوشاب سے قومی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ ذوالفقار چکوال، محمد انور اٹک اور صمصام بخاری اوکاڑہ سے الیکشن لڑیں گے، چوہدری نوریز شکور ساہیوال سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاشم ڈوگر، طالب نکئی اور آصف نکئی قصور سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ مراد راس لاہور، خالد محمود شیخو پورہ، ایاز خان نیازی خانیوال اور نعمان لنگڑیال ساہیوال سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل اور محمود مولوی کراچی سے، فیاض چوہان راولپنڈی، اجمل چیمہ فیصل آباد، مامون جعفر حافظ آباد اور رانا نذیر کامونکی سے الیکشن لڑیں گے۔