اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے عدت میں غیر شرعی نکاح کے کیس کی سماعت جج قدرت اللّٰہ نے کی۔درخواست گزار کی جانب سے وکیل رجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سلمان اکرم راجہ جبکہ بشری بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل نے وکالت نامہ جمع کرادیا۔
خاور مانیکا کی شکایت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ کے نکاح کیس کی سماعت کا باقاعدہ آغاز آج سے کیا گیا۔ کیس کی سماعت کیلئے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ویڈیو لنک پر رابطہ جبکہ بشریٰ بی بی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد نے غیر شرعی نکاح کیس کے قابل سماعت ہونے کا حکمنامہ جاری کیا تھا۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ خاور مانیکا نے اپنی درخواست میں الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی سے پیری مریدی کے چکر میں رابطہ استوار کیا اور ان کے درمیان ناجائز تعلقات قائم ہوگئے۔خاور مانیکا کے مطابق ان تعلقات کی بنا پر انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نومبر 2017 میں طلاق دی اور بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی سے عدت گزرنے سے پہلے ہی نکاح کرلیا۔
عدالتی حکمنامے کے مطابق تینوں گواہان مفتی سعید، عون چوہدری اور محمد لطیف کے بیانات خاور مانیکا کے لگائے گئے الزامات کو سپورٹ کرتے ہیں اس لیے گواہان کے بیانات کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے بادی النظر میں جرم کا ارتکاب کیا ہے۔عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ٹرائل کے آغاز کیلئے مناسب گراؤنڈز موجود ہیں لحاظہ خاور مانیکا کی درخواست سماعت کیلئے منظور کی جاتی ہے۔