الیکشن کمیشن نے آراوز اور ڈی آراوز کی جاری ٹریننگ روک دی

10:31 AM, 14 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسرز کی جاری ٹریننگ روک دی۔ 

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ڈی آر اوز اور آر اوز کی جاری ٹریننگ روکی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے  انتخابات کیلئے ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا جاری نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ  لاہور ہائیکورٹ   نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری افسران کی بطور آراوز اور ڈی آراوز تعیناتی کے نوٹیفکیشنز معطل  کردیا ۔لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات کے لیے پنجاب کی بیوروکریسی سے ریٹرننگ افسران لینے کے خلاف دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عام انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے قومی سطح پر اثرات ہوں گے، ملک میں عام انتخابات کرانے میں قوم کے اربوں روپے خرچ ہو جاتے ہیں اور اگر ملک کی بڑی پارٹیاں نتائج قبول نہ کریں تو سب ضائع ہو جائے گا۔ 

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو آزاد شفاف انتخابات کروانے کے لئے تمام امیدوران کو مساوی موقع دینا ہوتا ہے، ووٹرز کو بغیر کسی خوف کے ووٹ کاسٹ کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔

چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں عدالت نے ریمارکس دیئے کہ زمینی حقائق کے مطابق درخواست گزار کی سیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ میسر نہیں ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کی عدم دستیابی پر آزادانہ رائے رکھنے والے متعدد گروپس نے سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ موجوہ صورت حالات میں شاید الیکشن وہ نتائج نہ دے سکے جو جمہوریت کے لیے سوچے جاتے ہیں،معاملے کی اہمیت اور قانونی نکات کی تشریح کے لئے لارجر بنچ بنانے سفارش کی جاتی ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کیس پر لارجر بنچ تشکیل دینے کے لئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ عدالت نے  فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

مزیدخبریں