عمران خان بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ انہیں انتخابات کی تاریخ نہیں لے کر دے گی: وزیر داخلہ

11:28 PM, 14 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسٹیبشلمنٹ پر کوئی دباو¿ نہیں ہے اور اب ان کا حکومت پر بھی کوئی دباؤ نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ عمران خان کو الیکشن کی تاریخ نہیں لے کر دے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان 17 دسمبر کو تاریخ نہ دیں بلکہ اسمبلیاں توڑیں، صوبائی اسمبلیوں پر انتخابات ہو جائیں گے، قومی اسمبلی سے استعفے دئیے تو ضمنی انتخابات نہیں ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جو سہولتیں 2018 میں حاصل تھیں وہ اب حاصل نہیں ہوں گی، ہم پنجاب میں اکثریت سے جیتیں، پی ٹی آئی قومی اسمبلی سے استعفے دے کر بلیک میل کرناچاہتی ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جو سیاسی نقصان ہونا تھا ہو چکا، نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، آج بھی وفاقی حکومت نگران حکومت کے حوالے کر دیں تو 90 دن ملک پر بھاری گزریں گے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کیلئے تحریک چلارہا رہا ہے مگر اس کی دھمکیاں اور بیانیہ دفن ہو چکا ہے، عارف علوی مسکین آدمی ہیں، وہ عمران خان کے سامنے کوئی بات نہیں کر سکتے۔ 

مزیدخبریں