منی لانڈرنگ کیس، نورا فتیحی اور جیکولین کا کروڑوں کے تحاف کی وصولی کا اعتراف

11:56 PM, 14 Dec, 2021

ممبئی: بالی ووڈ کی اداکاراؤں نورا فتیحی اور جیکولین فرننڈس نے منی لانڈرنگ کیس کے زیر تفتیش ملزم سکیش چندر شیکھر سے کروڑوں روپے مالیت کے تحائف وصول کرنےکا اعتراف کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سکیش چندر شیکھر سے تفتیش کے دوران بالی ووڈ اداکاراؤں جیکولین فرننڈس اور نورا فتیحی کوشامل کیا تھا۔ دونوں اداکاراؤں نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ انہوں نے ملزم سکیش شیکھر سے بھاری مالیت کے قیمتی تحائف وصول کیے ہیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ملزم کے خلاف تیار کی جانے والی چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں چندر شیکھر،اس کی اہلیہ لینا ماریا پال اور چھ دیگر افراد نے اس سلسلے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ چندر شیکھر نے وفاقی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دفتری نمبر سے جھوٹی کال کرکے جیکولین فرننڈس سے دوستی کی۔

اداکارہ نورا فتیحی کے متعلق چارج شیٹ میں لکھا گیا ہے کہ وہ چیئریٹی ایونٹ میں لینا کے ساتھ رابطے میں آئی تھیں۔ دوران تفتیش نورا فتیحی نے اعتراف کیا کہ چندر شیکھر نے اسے بی ایم ڈبلیو سیڈان تحفے میں دی اور اس کے ساتھ ایک آئی فون بھی بھجوایا۔

چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ جیکولین فرننڈس نے چندر شیکھر سے 1.5 لاکھ  ڈالرز قرض کے ساتھ ساتھ تحائف لینے کا اعتراف کیا ہے جن میں 52 لاکھ روپے کا گھوڑا اور 9 لاکھ روپے کی ایک فارسی بلی شامل تھی۔

جیکولین فرننڈس نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ اس نے چند بالیاں اور ایک بریسلٹ بھی تحفتاً ملزم سے وصول کیا تھا۔ تفتیش میں اداکارہ نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے بیرون ملک سفر کے پرائیوٹ جہاز کے ذریعے انتظامات بھی وہی کرتا تھا اور رہنے تک کا بندوبست اسی کی ذمہ داری تھی۔ چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزم شیکھر فروری سے جیکولین فرننڈس کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں تھا۔

مزیدخبریں